ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لاک ڈاؤن: بجلی بل ادا نہ کرنے پر بھی نہیں کٹے گا کنکشن

لاک ڈاؤن: بجلی بل ادا نہ کرنے پر بھی نہیں کٹے گا کنکشن

Sun, 29 Mar 2020 10:12:55    S.O. News Service

نئی دہلی،29؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس کے انفکشن کے خوف سے کئے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے اگرآپ بجلی کا بل ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں تو فکر کی کوئی بات نہیں ہے-ایسا ہونے پر نہ تو آپ کا کنکشن کٹے گا اور نہ ہی کوئی جرمانہ دینا پڑے گا-

اس کے لئے مرکزی بجلی کی وزارت کی جانب سے تمام ریاستوں کے وزیر اعلیٰ اور چیف سکریٹری کو خط بھیجا جا رہا ہے-اس سے پہلے مرکزی حکومت نے ریاستوں کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے ہفتہ کو ایک امدادی پیکیج کی منظوری دے دی-

ہفتہ کو مرکزی بجلی کی وزارت نے بجلی کے شعبے کیلئے جو ریلیف پیکیج کا اعلان کیا، اس کے تحت ریاستی حکومت کے تابع کام کرنے والی بجلی کی تقسیم کمپنیوں کو اگلے تین ماہ تک ان کی طرف سے خریدی گئی بجلی کا بل فوری طور پر ادا کرنے سے چھوٹ ہے-یہی نہیں، بعد بھی ان کی بجلی کی خریداری کیلئے جمع کی جانے والی سکیورٹی رقم میں 50 فیصد کی امداد دی گئی ہے-

مرکزی بجلی کی وزارت کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے، ریاستوں کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے پاس مکمل آمدنی نہیں آ رہی ہے-ایسے میں وہ بجلی بنانے والی اور ٹرانس میشن کمپنیوں کو مکمل ادائیگی نہیں کر پا رہی ہیں -

ظاہر سی بات ہے کہ جب ان کے پاس آمدنی نہیں ہوگی تو وہ ادائیگی کیسے کریں گے لہٰذا ریزرو بینک نے جیسے ای ایم آئی کی قسط بھرنے سے تین ماہ کی چھوٹ دی ہے، ویسے ہی بجلی کے شعبے میں بھی اہتمام کیا گیا ہے-

مرکزی بجلی وزیر راج کمار سنگھ نے بجلی کی تقسیم کمپنیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے تین ماہ تک انہیں بجلی ملتی رہے گی،لہٰذا وہ گاہکوں کو بھی فراہمی جاری رکھیں -وزارت کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خط لکھ کر کہا جا رہا ہے کہ وہ اگلے تین ماہ تک کسی گاہک کی بجلی نہ کاٹیں -یہی نہیں، تین ماہ کی تاخیر سے بل ادا کرنے پر کوئی جرمانہ نہ لگائیں،حالانکہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ سہولت صرف گھریلو صارفین کو ملے گی یا صنعتی صارفین کو بھی-


Share: